نئی دہلی،19؍جولائی (ایس او نیوز؍یو این آئی) ملک میں کورونا کا قہر عروج پر ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک دن میں ریکارڈ 38،902 معاملات سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 10.77 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔ ملک میں گزشتہ چار دنوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 32 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ جمعرات کو 32،695 ، جمعہ کو 34،956 اور ہفتہ کو 34،884 معاملات کی تصدیق ہوئی تھی۔
وزارت مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 38،902 کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 10،77،618 ہوگئی۔ مرنے والوں کی تعداد 543 سے تجاوز کر 26،816 ہوگئی ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 6،77،423 افراد کورونا سے بازیاب ہوچکے ہیں جبکہ کورونا کے 3،73،379 فعال کیسز ہیں۔
قومی دارالحکومت دہلی میں نئے کیسوں کے مقابلے صحت مند ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کے باعث صورتحال بہتر ہوتی نظر آ رہی ہے ، لیکن مہاراشٹر ، تمل ناڈو ، کرناٹک ، تلنگانہ ، آندھرا پردیش ، اترپردیش ، گجرات اور مغربی بنگال میں انفیکشن کے معاملات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ مہاراشٹرا میں متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ، تمل ناڈو میں 1.65 لاکھ اور دہلی میں 1.21 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے ، جبکہ کرناٹک چوتھے نمبر پر ہے جہاں اس انفیکشن کے 59 ہزار سے زائد کیسز ہیں۔
مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر میں کورونا کے 8348 نئے کیس سامنے آئے اور 144 افراد کی موت ہوگئی۔ یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 3،00،937 اور اموات کی تعداد 11،596 ہے جبکہ 1،65،663مریض صحت مند ہوچکے ہیں۔
انفیکشن کے معاملے میں تمل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے جہاں اس دوران 4807 معاملات سامنے آئے اور 88 افراد لقمہ اجل بنے۔ جس سے متاثرین کی تعداد 1،65،714 اور اموات کی تعداد 2403 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 1،13،856 افراد بازیاب ہوکر اسپتالوں سے فارغ ہوچکے ہیں۔
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا کی صورتحال اب کچھ قابو میں ہے اور انفیکشن کے معاملات میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی آئی ہے۔ دارالحکومت میں اب تک 1،21،582 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 3597 ہوگئی ہے۔ یہاں اب تک 1،01،274 مریض پوری طرح صحتیاب ہوچکے ہیں۔
جنوبی ہند کی ریاست کرناٹک متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے گجرات کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ یہاں 59،652 افراد اس بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ 1240 افراد لقمہ اجل بن گئے وہیں 21،775 افراد صحت مند بھی ہوئے ہیں۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات کو پانچویں نمبر پر رکھا گیا ہے لیکن اموات کے لحاظ سے یہ مہاراشٹر ، دہلی اور تمل ناڈو کے بعد چوتھے نمبر پر ہے۔ گجرات میں 47،390 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 2122 مریضوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 34،035 افراد اس مرض سے بازیاب بھی ہوئے ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک اس وائرس کے 47،036 کیسز درج ہوئے ہیں یہاں اس انفیکشن سے 1108 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ 28،664 مریض ٹھیک ہوچکے ہیں۔
ریاست تلنگانہ میں بھی کورونا انفیکشن کے معاملات بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ تلنگانہ میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 43،780 سے تجاوز کرگئی ہے ۔ یہاں اس وائرس کی وجہ سے 409 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ اب تک 30،607 مریض بازیاب ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش میں متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے وہ سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کی فہرست میں مغربی بنگال سے آگے ہو گیا ہے۔ ریاست میں 44،609 افراد متاثر ہوئے جبکہ اموات کی تعداد 586 ہوگئی ہے وہیں 21،763 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔
مغربی بنگال میں 40،209 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے اور 1076 افراد فوت ہوئے جبکہ اب تک 23،539 افراد بازیاب ہوچکے ہیں۔ راجستھان میں بھی کورونامتاثرین کی تعداد 28،500 تک پہنچ چکی ہے ۔یہاں اب تک 553 افراد لقمہ اجل بنے جبکہ 21،144 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ہریانہ میں 25،547 کورونا مریض پائے گئے جن میں 344 افراد مرچکے ہیں۔
کووڈ ۔19 سے مدھیہ پردیش میں 706 ، پنجاب میں 246 ، جموں و کشمیر میں 236 ، بہار میں 208 ، اڈیشہ میں 86 ، آسام میں 53، اتراکھنڈ میں 52، جھارکھنڈ میں 46، کیرالہ میں 40 ، پڈوچیری میں 28 ، چھتیس گڑھ میں 24 ، گوا میں 21 افراد ، چنڈی گڑھ میں 12 ، ہماچل پردیش 11 ، تریپورہ میں پانچ ، اروناچل پردیش میں تین ، میگھالیہ میں دو ، دادر نگر حویلی اور دمن دیو میں دو اور لداخ میں ایک مریض کی موت ہوئی ہے۔